محمد جواد ظریف کا ناروے اور جرمنی کا دورہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ اتوار کی رات ناروے اور جرمنی کے دورے پر روانہ ہوں گے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان صادق حسین جابری انصاری نے ہفتے کے دن فارس خبر رساں ایجنسی کے ساتھ گفتگو کے دوران کہاکہ وزیرخارجہ محمد جواد ظریف ناروے کے حکام کے ساتھ بات چیت کرنے کے لئے اتوار کی رات اوسلو روانہ ہو جائیں گے۔
جابری انصاری نے مزید کہا کہ محمد جواد ظریف اپنے دو روزہ دورہ ناروے کے موقع پر اس ملک کے وزیر خارجہ بورگے برینڈے کے ساتھ دو طرفہ مشاورت کے علاوہ اس ملک کے دوسرے حکام کے ساتھ بھی دو طرفہ تعلقات کے بارے میں تبادلۂ خیال کریں گے۔
جابری انصاری کا مزید کہنا تھاکہ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف ناروے کے بعد چند گھنٹوں کے لئے جرمنی کا دورہ بھی کریں گے۔ جہاں وہ اس ملک کے وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی اور عالمی مسائل کے بارے میں گفتگو کریں گے۔