ایران اور ناروے کے درمیان تعاون بڑھانے پر تاکید
ایران اور ناروے کے وزرائے خارجہ نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمدجواد ظریف اور ناروے کے وزیرخارجہ بورج برندے، نے پیر کو اسلو میں اپنے مذاکرات میں باہمی روابط کے ساتھ ہی اہم بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس رپورٹ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے سیاسی، اقتصادی اور بینکاری کے شعبوں سمیت مختلف میدانوں میں تہران اور اوسلو کے روابط میں توسیع کے بارے میں گفتگو کی ۔ ایران اور ناروے کے وزرائے خارجہ نے تیل، گیس اور ماحولیات کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
محمد جواد ظریف اور بورج برندے نے اپنی ملاقات میں شام، عراق اور افغانستان کے حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مذکورہ بحرانوں کے حل میں باہمی تعاون کی راہوں کا جائزہ لیا۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف ایک وفد کے ہمراہ پیر کو اوسلو پہنچے ہیں۔
محمد جواد ظریف اپنے اس دورے میں اوسلو فورم کے اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور تقریر کریں گے۔ مشترکہ جامع ایکشن پلان پرعملدرآمد کے سلسلے میں امریکی وزیرخارجہ جان کیری اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی شعبے کی سربراہ فیڈریکا موگرینی کے ساتھ ملاقات اور گفتگو بھی ایرانی وزیر خارجہ کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف بدھ کے دن ناروے سے جرمنی روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ اس ملک کے وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی مسائل کے بارے میں تبادلۂ خیال کریں گے۔