دہشت گردوں سے آہنی ہاتھ سے نمٹیں گے:بریگیڈیئر جنرل پاکپور
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری فوج کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ملک کے سرحدی علاقوں میں مسلح گروہوں اور دہشت گردوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
بریگیڈیئر جنرل محمد پاکپور نے اتوار کے روز شمال مغربی سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے ساتھ ہونے والی شدید جھڑپوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان جھڑپوں میں دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی اور ان کے تمام ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری فوج کے کمانڈر نے کہا کہ ان جھڑپوں میں بہت سے دہشت گرد مارے گئے ہیں جن میں ان کے کئی اہم سرغنے بھی شامل ہیں جنہیں علاقے کی بعض رجعت پسند حکومتوں کی پشت پناہی حاصل تھی۔
بریگیڈیئر جنرل پاکپور نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ، دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر پوری نگاہ رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سرحدی علاقوں کے عوام کے تعاون سے ملکی سرحدوں کے اندر دشمن کی چھوٹی سی بھی حرکت اور اشتعال انگیزی کا پوری قوت کے ساتھ جواب دینے کی توانائی رکھتے ہیں۔