ہندوستان نے پہلی مرتبہ ریل لانچر سے داغا اگنی پرائم میزائل+ ویڈیو
ہندوستان نے دفاعی شعبے میں ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے انٹرمیڈیٹ رینج بیلسٹک میزائل اگنی-پرائم کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ اس ٹیسٹ کی سب سے خاص بات یہ رہی کہ میزائل کو پہلی مرتبہ ریل پر مبنی موبائل کینسٹر لانچر سے داغا گیا۔ یہ ایک تاریخی حصولیابی ہے جس نے ہندوستان کو ان چنندہ ممالک کی فہرست میں شامل کر دیا ہے جن کے پاس چلتی ریل سے میزائل داغنے کی تکنیک ہے۔ اس میزائل کو اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ (ایس ایف سی) کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق، اگنی-پرائم اگنی سیریز کی سب سے جدید میزائل ہے۔ یہ انٹرمیڈیٹ رینج (درمیانی دوری) والی ہے جو 2000 کلومیٹر تک نشانہ لگا سکتی ہے، اس میں کئی ایڈوانسڈ فیچرس ہیں۔ یہ میزائل عین مطابق نشانہ لگانے میں اہل ہے۔ جدید نیوی گیشن سسٹم سے دشمن کے ٹھکانے کو سیدھے ٹارگیٹ کرے گی۔ تیز ری ایکشن اس کی خاصیت ہے۔ چھوٹے وقت میں یہ لانچ ہو سکتی ہے۔ مضبوط ڈیزائن اس کی پہچان ہے، یہ کینسٹر (بند بکس) میں رکھی جاتی ہے، ایسا کرنے سے بارش، گرد یا گرمی سے یہ بچا رہتا ہے۔
ہندوستان کے فوجی ذرائع کے مطابق، اس میزائل کی خاصیت ہے کہ یہ ریل نیٹ ورک پر بغیر کسی تیاری سے چل سکتا ہے۔ کراس کنٹری موبلیٹی دیتا ہے، یعنی یہ جنگل، پہاڑ اور میدان میں آسانی سے لے جایا جا سکتا ہے۔ اس سے میزائل لانچ کرنے میں بے حد کم وقت لگتا ہے۔ اس کی ایک بڑی خوبی یہ بھی ہے کہ یہ کم روشنی میں بھی میزائل لانچ کر سکتا ہے۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اس کامیابی کے لیے ملک کے سائنس دانوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔ وہیں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے پوسٹ میں اس کامیاب تجربہ کے لیے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او)، ایس ایف سی اور مسلح افواج کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا، ’’یہ کامیاب اڑان ہندوستان کو ان چنندہ ملکوں کے گروپ میں شامل کرتا ہے جن کے پاس چلتے ہوئے ریل نیٹ ورک سے کنیسٹرائزڈ لانچ سسٹم تیار کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔‘‘