Jul ۰۵, ۲۰۱۶ ۰۸:۲۰ Asia/Tehran
  • سعودی عرب میں خودکش حملوں پر ایرانی وزیر خارجہ کا ردعمل

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے مدینہ منورہ میں ہونے والے خودکش حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب کوئی ایسی ریڈ لائن نہیں رہ گئی ہے جسے دہشت گردوں نے عبور نہ کیا ہو۔

ایرانی وزیر خارجہ نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ دہشت گردوں نے تمام ریڈ لائنیں عبور کر لی ہیں، کہا کہ موجودہ صورت حال کو ختم کرنے کا واحد راستہ عالم اسلام میں اتحاد ہے۔

محمد جواد ظریف نے منگل کے روز اپنے ٹوئٹر پیج پر لکھا ہے کہ اب کوئی ایسی ریڈ لائن باقی نہیں بچی نہیں ہے جسے دہشت گردوں نے عبور نہ کیا ہو۔ شیعہ بھی اور سنی بھی دونوں اس کا نشانہ بنیں گے مگر یہ کہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ متحد ہو جائیں۔

واضح رہے کہ پیر کے روز مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے قریب ہونے والے خودکش حملے میں چار سیکورٹی اہلکاروں سمیت چھے افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے تھے۔

ابھی تک کسی شخص یا گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن اس سلسلے میں دہشت گرد گروہ داعش پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔