Jul ۱۳, ۲۰۱۶ ۰۸:۱۰ Asia/Tehran
  • سعودی حکومت آگ سے کھیل رہی ہے: امیر عبداللھیان

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ کویت میں یمنیوں کے سیاسی مذاکرات کو طول دینے کی براہ راست ذمہ دار سعودی حکومت ہے-

ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق امیر عبداللھیان نے کہا کہ یمن کے رہائشی علاقوں اور بنیادی تنصیبات پر سعودی فوج کی پے در پے بمباری اور جنگ کی خلاف ورزی کے باعث یمنیوں کے سیاسی مذاکرات بے نتیجہ رہ گئے ہیں-

انہوں نے کہا کہ تہران نے یمن کے امور میں کبھی مداخلت نہ تو کی ہے اور نہ ہی کر رہا ہے لیکن انسانی ہمدردی کے تحت یمن کے عوام کے ساتھ اپنی معنوی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے-

امیر عبداللھیان نے کہا کہ یمن کے عوام تک انسان دوستانہ امداد کی ترسیل میں سعودی عرب کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کئے جانے کے باوجود ، ہم نے متعلقہ بین الاقوامی اور علاقائی اداروں کے تعاون اور ہم آہنگی سے یہ کام بخوبی انجام دیا ہے-

انہوں نے کہا سعودی عرب علاقے میں اپنی جنگ بھڑکانے کی غلط پالیسی کے ذریعے آگ سے کھیل رہا ہے اور وہی علاقے میں رونما ہونے والے بحرانوں کا اصل ذمہ دار ہے اور اگر سعودی عرب اپنی غلط پالیسیوں کی اصلاح نہیں کرے گا تو اپنے علاوہ پورے علاقے کو حد سے زیادہ نقصانات سے دوچار کردے گا-

واضح رہے کہ سعودی عرب اور چند دیگر عرب ممالک، امریکہ کے ساتھ مل کر گذشتہ سال چھبیس مارچ سے یمن کے خلاف ہوائی اور بحری حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان حملوں میں زیادہ تر اسپتالوں، اسکولوں، سروسز مراکز، دیگر بنیادی تنصیبات اور حتی عوام کے گھروں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے- اب تک ان حملوں میں ہزاروں یمنی شہید ہوچکے ہیں- شہید ہونے والوں میں سیکڑوں عورتیں اور بچے شامل ہیں-

سعودی عرب، علاقے کے غریب ترین عرب ملک پر حملہ کرکے یمن کے سابق مفرور صدر منصور ہادی کو اقتدار میں واپس لانا اور یمن کے شہروں میں سیکورٹی فراہم کرنے والی عوامی تحریک انصاراللہ کو اقتدار سے دور رکھنا چاہتا ہے-

یمن کی فوج اور عوامی فورسز مارچ دوہزار پندرہ میں شروع ہونے والی سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں اور ملک کے اکثر شہروں کا کنٹرول بھی انہیں کے پاس ہے- علاوہ ازیں یمن کی فوج اور عوامی فورسز القاعدہ اور داعش دہشت گرد گروہ سے بھی لڑ رہی ہیں جن کو سعودی عرب کی مالی اور اسلحہ جاتی مدد حاصل ہے-

اکثر سیاسی مبصرین کے مطابق یمن پر سعودی عرب کی جارحیت غزہ پر صیہونی حکومت کی جارحیت کی دوسری شکل ہے-