حکومت بحرین الزام تراشی کے بجائے اندرونی مسائل حل کرے: ترجمان ایرانی وزارت خارجہ
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے حکومت بحرین کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے سختی کے ساتھ مسترد کر دیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے بحرین کی وزارت خارجہ کے بیان پر ردعمل ظاہر کر تے ہوئے اسے جھوٹ کا پلندا قرار دیا۔ انہوں نے حکومت بحرین کے بیان میں ایران پر لگاجائے والے الزامات کو سراسر بے بنیاد، کذب محض اور فرسودہ طریقہ کو آزمانے کی کوشش قرار دیا۔ انہوں نے حکومت بحرین سے کہا کہ وہ بے بنیاد دعوؤں کے اعادے اور فرسودہ و ناکام حربوں کو آزمانے کے بجائے، اپنی اندرونی مشکلات و مسائل کی اصل جڑوں کا پتہ لگا کر انہیں حل کرنے کی کوشش کرے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ حکومت بحرین ایسے من گھڑت اور بے بنیاد الزامات عائد کر کے اندرونی مسائل کو باہر دھکیلنے اور رائے عامہ کی جوابدہی سے دامن بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بحرین کی وزارت داخلہ نے بے بنیاد اور گھسے پٹے دعووں کا اعادہ کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران پر اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت کا الزام عائد کیا ہے۔
بحرین کی وزارت داخلہ نے ایران کے حمایت یافتہ چند دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا بھی دعوی کیا ہے۔
بحرینی حکام نے ایران پر الزام تراشی کو اپنا وتیرہ بنا رکھا ہے اور عوام کے جائز اور قانونی مطالبات پور کرنے کے بجائے ایران پر اپنے ملک میں جاری جمہوری تحریک کی حمایت اور تخریبی کارروائیوں کے الزامات عائد کرتے رہتے ہیں۔