ترکی کی صورتحال پر ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کا اجلاس
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں ترکی میں فوجی بغاوت کی مذمت اور ترک عوام کی خواہشات کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔
اعلی قومی سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے کہا کہ ایران باغیوں کے اقدام کی مذمت اور ترک عوام کی خواہشات کی حمایت کرتا ہے اور یہی ہمارا سرکاری موقف ہے-
ہفتے کو ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں جو صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ ترکی کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا- اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے کہا کہ اجلاس میں ترکی کےحالات کا بغور اور جامع طریقے سے جائزہ لیا گیا ہے- ان کا کہنا تھا کہ علاقے اور ہمارے بعض ہمسایہ ملکوں میں بدامنی اور طرح طرح کے حادثات رونما ہو رہے ہیں اور ایسے میں ایران میں مکمل امن و سلامتی ہمارے شہدا اور خاص طور پر شہدائے مدافعان حرم کے خون، رہبر انقلاب اسلامی کی مدبرانہ قیادت، سیکورٹی اور دفاعی اداروں کی ہوشیاری اورعوام کے موثر تعاون کی مرہون منت ہے-
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے سیاسی عزائم کو مسلط کرنے کے لئے ہر قسم کے فوجی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہر قسم کی بغاوت عوام کی حقیقی خواہشات سے تضاد رکھتی ہے- انہوں نے کہا کہ ایران کے سیکورٹی ادارے اور اعلی حکام ترکی کے سیکورٹی اداروں کے عہدیداروں اور اعلی حکام سے رابطے میں ہیں-
ان کا کہنا تھا کہ ہم ترکی کی قانونی حکومت کی حمایت کرتے ہیں اور ہر قسم کی بغاوت کی خواہ وہ ملک کے اندر سے ہو یا بیرونی طاقتوں کی پشتپناہی سے ہو، مذمت کرتے ہیں- ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہاکہ ترکی کے سیاسی حکام اور سیکورٹی اداروں کے عہدیداروں سے رابطے میں رہ کر اس واقعے کی حقیقی وجوہات اوراس کے نتائج جاننے کی کوشش کریں گے-
اس درمیان ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران طاقت کے استعمال سے پرہیز کی سفارش کرتے ہوئے ترک عوام کی منتخب حکومت کی حمایت کرتا ہے-
وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ ایران ترکی میں فوجی بغاوت کی کوشش کے بعد پیدا ہونے والے بحران پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے- انہوں نے کہا کہ ایران کو ترکی میں امن و استحکام اور اتحاد و جمہوریت اور اس کے اقتدار اعلی کے تعلق سے تشویش ہے- ان کا کہنا تھاکہ اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے ایک مضبوط و مستحکم اور جمہوری اقدار کا حامل ترکی انتہائی اہمیت رکھتا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ترکی میں حالات جلد معمول پرآ جائیں گے۔