کشمیر تنازعے کو پرامن طریقے سے حل کئے جانے پر تاکید
Jul ۱۹, ۲۰۱۶ ۱۶:۴۳ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران نے کشمیر تنازعے کو پرامن طریقے سے حل کئے جانے پر زور دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان "بہرام قاسمی" نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیر میں جاری کشیدہ صورتحال سے نجات پانے کا واحد راستہ پرامن بات چیت ہے۔
دفتر خارجہ کے میڈیا سیل سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کشمیر میں حالیہ چند روز کے دوران بڑی تعداد میں عام شہریوں کی ہلاکت پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے فریقین سے بردباری اور تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سرکاری اہل کاروں کےہاتھوں ایک نوجوان کے قتل کے واقعے کے بعد سے حالات سخت کشیدہ ہیں اور اس دوران کم از کم پنیتالیس افراد جاں بحق اور تین ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔