بان کی مون کی رپورٹ ناقص اطلاعات اور ان کی لاعلمی کی علامت ہے: وزیر خارجہ جواد ظریف
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی رپورٹ کو ناقص اطلاعات اور ان کی لاعلمی کا حامل قرار دیا ہے۔
تہران میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ یہ رپورٹ ناقص اطلاعات اور مذاکراتی عمل سے بان کی مون کی لاعلمی کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تہران پہلے بھی کئی بار کہہ چکا ہے کہ جامع ایٹمی معاہدے جے سی پی او اے کی تدوین میں اقوام متحدہ کا کوئی کردار نہیں ہے۔
وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی رپورٹ میں لگائے گئے الزامات کے بارے میں کہا کہ ایران نے قرارداد 2231 کے اجرا کے ساتھ جاری ہونے والے بیان میں یہ بات زور دیکر کہی تھی کہ وہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا اور اس پالیسی کا جامع ایٹمی معاہدے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے سلامتی کونسل کو پیش کی گئی رپورٹ میں ایران کے بیلیسٹک میزائل تجربات کو جامع ایٹمی معاہدے کی روح کے منافی قرار دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران بارہا اعلان کر چکا ہے کہ اس کا میزائل پروگرام مکمل طور سے دفاعی ہے اوراس کا جامع ایٹمی معاہدے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ایران کے تیار کردہ بیلیسٹک میزائلوں کی ڈیزائننگ روایتی ہتھیار لے جانے کے لیے کی گئی ہے اور یہ ایٹمی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت نہیں رکھتے ہیں۔