ایرانی وزیر خارجہ کا مغربی افریقہ کا کامیاب دورہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے مغربی افریقہ میں اقتصادی شعبوں میں تعاون کی توانائیوں اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے وعدے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جمعرات کی رات اپنے ٹوئٹر پیج پر لکھا ہے کہ ستر اہم تجارتی شخصیات کے ساتھ مغربی افریقہ کا کامیاب دورہ اختتام پذیر ہو گیا ہے اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے وعدے اور اقتصادی تعاون کے لیے عظیم توانائیوں سے مجھے بہت حوصلہ ملا ہے اور یہ خوش آئند ہے۔
محمد جواد ظریف نے جو مغربی افریقہ کے چار ملکوں کے دورے کے آخری مرحلے میں جمعرات کے روز مالی پہنچے، اس ملک کے وزیراعظم سے ملاقات میں مالی میں دہشت گرد اور انتہا پسند گروہوں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں مالی کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی وزیرخارجہ، چار افریقی ملکوں کا اتوار سے شروع ہونے والا دورہ مکمل کر کے آج تہران واپس آ گئے۔ اس دورے میں وہ نائیجیریا، گھانا، گنی کوناکری اور مالی گئے۔ جہاں انھوں نے اس ملک کی اعلی شخصیات اور حکام سے ملاقاتیں کیں۔
جواد ظریف کے ساتھ ممتاز ایرانی تاجروں اور صنعت کاروں کا ایک بڑا وفد بھی گیا تھا۔ جس سے سیاسی اہمیت کے ساتھ ساتھ اس دورے کی اقتصادی اہمیت کا بھی پتہ چلتا ہے۔