Jul ۲۹, ۲۰۱۶ ۱۶:۴۰ Asia/Tehran
  • آسیان کے ساتھ تعاون کے لئے بھرپورعزم کا اظہار

ایران نے آسیان کے ساتھ تعاون کے لئے اپنا بھرپورعزم ظاہر کیا ہے۔

ایشیا اور بحرالکاہل کے امور میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ڈپٹی وزیر خارجہ "ابراہیم رحیم پور" نے آسیان کے ساتھ تعاون بڑھانے کے سلسلے میں تعاون کا نیا باب کھولنے کے لئے تہران کی مکمل آمادگی پر زور دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق " ابراہیم رحیم پور"  نے، جو لاؤس کے دورے پر دارالحکومت وینتیان میں ہیں، جمعے کے روز انڈونیشیا کی وزیر خارجہ " رتنو مرسودی"  سے ملاقات اور گفتگو کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کے فروغ کی راہوں کا جائزہ لیا۔

ابراہیم رحیم پور نے آسیان کے رکن کی حیثیت سے دوستی اور تعاون کے معاہدے میں شمولیت کے لئے تہران کی حمایت کئے جانے پر جکارتا کی حمایت کی قدردانی کی۔ ان کاکہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مختلف امور میں " آسیان " کے ساتھ بھرپورتعاون کے لئے تیار ہے۔

ابراہیم رحیم پور نے انڈونیشیا کو ایران کی خارجہ پالیسی میں اہیمت کا حامل قراردیا اورانڈونیشیا کے صدر" جوکوویدودو" کے مجوزہ دورہ تہران کو باہمی سمجھوتوں اور معاہدوں پر فوری عمل درآمد نیز باہمی تعاون میں استحکام کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا۔

اس موقع پرانڈونیشیا کی وزیر خارجہ " رتنو مرسودی" نے " دوستی اور تعاون" سے متعلق آسیان کے معاہدے میں ایران کی شمولیت پر مبارکباد پیش کی اورعلاقائی اورعالمی امور میں "تہران - جکارتا"  تعاون کے لئے انڈونیشیا کی بھرپور آمادگی کا اعلان کیا۔ محترمہ رتنو مرسودی نے دونوں ملکوں کے درمیان بینکاری کے تعلق سے تعاون کی ضرورت پر بھی تاکید کی۔

واضح رہے کہ  لاؤس کے دارالحکومت " وینتان " میں منعقدہ اجلاس میں آسیان کے رکن ملکوں کے وزرائے خارجہ نے " دوستی اور مفاہمت" سے موسوم معاہدے میں شمولیت سے متعلق اسلامی جمہوریہ ایران کی درخواست کی واضح اکثریت کے ساتھ منظوری دیدی ہے۔

ٹیگس