تمام میدانوں میں ایران کی خودمختاری اہمیت کی حامل ہے: صدر روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ کسی ملک کی مختلف میدانوں میں خود مختاری اورعوامی ضروریات کے سلسلے میں خودکفیل ہونا خاص اہمیت کا حامل ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے پیر کو قومی گیس کمپنی کے یوم تاسیس کی مناسبت سے تہران میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خود مختاری اور آزادی، اسلامی انقلاب کا اصلی نعرہ رہا ہے اور انقلاب کا مطلب خودمختاری اورعوام کے ووٹوں پرتکیہ کرنا ہے-
ایران کے صدر نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ انقلابی ہونے کا مطلب یہ ہے کہ قوم، تنقید و تبصرہ کرنے میں آزاد ہو اور اسے اپنے افکار و نظریات بیان کرنے کی پوری آزادی حاصل ہو، کہا کہ آج عوام جو سائیبراسپیس اورسوشل میڈیا پر اقتدار اعلی اور حکومت کے بارے میں اپنے نظریات اور خیالات بیان کر رہے ہیں اور اپنے پروگراموں اور فیصلوں کا اظہار کررہے ہیں، یہ تنقید کی آزادی کا ثبوت ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ تیل اور گیس کا مسئلہ صرف اقتصادی نہیں ہے بلکہ ایران میں تیل کی پیداوار کا مسئلہ آئینی انقلاب کے کچھ ہی بعد سے ہمیشہ سیاسی موضوعات میں شامل رہا ہے کہا کہ برآمدات و درآمدات کے تعلقات کے تناظر میں تیل ہمیشہ ہی خارجہ پالیسی میں موثررہا ہے اور دوسرے مرحلے میں گیس بھی ایک کلین انرجی کے طور پرمختلف ممالک کے ساتھ تعلقات کا عامل رہی ہے-
صدر روحانی نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ حکومت کا پروگرام روزانہ دوسوملین میٹرمکعب گیس برآمد کرنا ہے، کہا کہ جس ملک کا اس طرح کا پروگرام ہو وہ تیل اور گیس کے میدان میں پڑوسی ممالک اور دنیا کے دوسرے ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرے گا کیونکہ آج کی دنیا میں ترقی کا موضوع، انرجی خاص طور پر تیل اورگیس سے وابستہ ہے-