Aug ۰۸, ۲۰۱۶ ۱۳:۳۴ Asia/Tehran
  • ایران کی عدلیہ کی انسانی حقوق کمیٹی کے سیکرٹری محمد جواد لاریجانی
    ایران کی عدلیہ کی انسانی حقوق کمیٹی کے سیکرٹری محمد جواد لاریجانی

ایران کی عدلیہ کی انسانی حقوق کمیٹی کے سیکرٹری محمد جواد لاریجانی نے ایران میں بعض دہشت گردوں کو سزائیں دیئے جانے سے متعلق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمیشن کے بیان کا جواب دے دیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق محمد جواد لاریجانی نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمیشنر زید رعد الحسین کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں اسلامی جمہوریہ ایران میں بعض دہشت گردوں کو دی جانے والی سزاؤں سے متعلق اس ادارے کے جاری کردہ بیان کو افسوسناک قرار دیا ہے۔ محمد جواد لاریجانی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی کی بھینٹ چڑھنے والے ملک کے طور پر اپنے عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور دہشت گردی کے ٹھوس اور سنجیدہ مقابلے کے سلسلے میں اپنی سرحدوں کے اندر اور باہر کسی اقدام سے دریغ نہیں کرے گا۔

محمد جواد لاریجانی نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمیشنر کو مخاطب قرار دیتے ہوئے مزید لکھا ہے کہ اسی پالیسی کے تحت اسلامی جمہوریہ ایران خطے میں انتہا پسندی اور دہشت گردوں کے مقابلے میں نیک نیتی کے ساتھ اقدامات انجام دے رہا ہے جبکہ دہشت گردی کے مقابلے اور انسانی حقوق کی حمایت کا دعوی کرنے والے ممالک ہی ان دہشت گرد گروہوں کو وجود میں لائے ہیں اور ان کی ہر طرح کی حمایت اور مدد بھی کر رہے ہیں۔  

ٹیگس