یمن پر سعودی عرب کے حملوں کی مذمت
-
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان، بہرام قاسمی
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے یمن کے غیر فوجی مراکز اور رہائشی علاقوں پر سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کے حملوں کی مذمت کی ہے۔
وزارت خارجہ کے پریس آفس کی رپورٹ کے مطابق، بہرام قاسمی نے منگل کی رات تاکید کی کہ یمن کے غیر فوجی مراکز اور رہائشی علاقوں پر سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کے از سر نو حملے اور دسیوں عام شہریوں کا شہید اور زخمی کیا جانا قابل مذمت ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سعودی عرب کی جارح فوج کو اسلحہ فراہم کرانے والے ممالک اور اقوام متحدہ سے کہا کہ وہ ان حملوں کو فوری طور پر بند کرنے اور یمن کے عام شہریوں خصوصا خواتین اور بچوں کی سلامتی اور تحفظ کے لئے موثر کوشش کریں۔
واضح رہے کہ کویت میں امن مذاکرات رک گئے ہیں اور اس کے بعد، یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی اتحاد کے حملوں میں شدت پیدا ہوگئی ہے۔ ان حملوں کے نتیجے میں دسیوں یمنی شہری شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔ یمن پر جارح سعودی اتحاد نے چھبیس مارچ سنہ دو ہزار پندرہ سے حملے شروع کر رکھے ہیں۔