Aug ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۴:۴۶ Asia/Tehran
  • صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے ساتھ برونڈی کے وزیر خارجہ الائن آئیمے نیامیٹوے کی ملاقات
    صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے ساتھ برونڈی کے وزیر خارجہ الائن آئیمے نیامیٹوے کی ملاقات

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران، افریقی ملکوں کے ساتھ تعاون کے فروغ کو خاص اہمیت دیتا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کے روز تہران میں برونڈی کے وزیر خارجہ الائن آئیمے نیامیٹوے سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے تعلقات کو دوستانہ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ایران اور افریقی ملکوں کے مقاصد ایک جیسے ہیں اور دونوں ممالک، عالمی تبدیلیوں اور اداروں میں متحدہ نظریات کی بنیاد پر ایک دوسرے کی حمایت کر سکتے ہیں۔

صدر مملکت نے ناوابستہ تحریک کے رکن ملکوں کی حیثیت سے ایران اور برونڈی کے درمیان دو طرفہ علاقائی اور بین الاقوامی تعلقات و تعاون کے فروغ کی ضرورت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ناوابستہ تحریک کے رکن ممالک کو چاہئے کہ اپنے تعلقات و تعاون کو مضبوط بنا کر عالمی سطح پر موثر کردار ادا کریں۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے دہشت گردی، سیاسی مداخلت اور بیشتر علاقوں میں مغرب کی فوجی موجودگی کو عالمی برادری کی اہم ترین مشکلات سے تعبیر کیا اور ان مسائل و مشکلات کے حل کے لئے ناوابستہ تحریک کے مثبت کردار کی ضرورت پر تاکید کی۔

اس ملاقات میں برونڈی کے وزیر خارجہ نے بھی صدر مملکت کو اپنے ملک کے صدر کا تحریری پیغام پیش کرتے ہوئے بین الاقوامی اداروں خاص طور سے ناوابستہ تحریک میں دونوں ملکوں کے تعاون و تعلقات کی توسیع کی ضرورت پر زور دیا۔

ٹیگس