صدر بشار اسد مخالفین کے ساتھ سیاسی مصالحت کے لیے تیار ہیں۔ امیر عبداللھیان
عالمی امور میں ایران کے اسپیکر کے معاون خصوصی نے کہا ہے کہ شام کے صدر بشار اسد جمہوری بنیادوں پر مخالفین کے ساتھ سیاسی مصالحت کے لیے تیار ہیں۔
تہران میں نارورے کے وزیر خارجہ برگے برندے سے بات چات کرتے ہوئے حسین امیرعبداللھیان نے کہا کہ یہ خیال کرنا کسی طور درست نہیں ہے کہ صدر بشار اسد حکومت کی چابی مخالفین کے حوالے کردیں گے البتہ وہ جمہوری بنیادوں پر سیاسی مخالفین کے ساتھ مصالحت کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر اسد بیرونی ایما پر اپنے ملک کے خلاف دہشت گردانہ حملوں اور اقتدار اعلی کی خلاف ورزیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے۔ حسین امیر عبداللھیان نے واضح کیا کہ اگر امریکہ اور سعودی عرب غیرذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے روکاوٹیں کھڑی نہ کرتے تو شام کا بحران اپنے حل کے راستے پر گامزن ہوسکتا تھا۔ ایران کے اسپیکر کے معاون خصوصی نے کہا کہ ایران بحران شام کے پرامن طریقے سے مذاکرات کے ذریعے حل ہونے کے اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ، عراق اور شام کے ساتھ فوجی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ ایران کے اسپیکر کے معاون خصوصی نے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ بحرین میں انسانی صورتحال پر بھی توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ شیعیان بحرین کے قائد آیت اللہ عیسی قاسم کی شہریت کی منسوخی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ناروے کے وزیر خارجہ برگے برندے نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک بحران شام کے سیاسی حل کی حمایت کرتا ہے اور اس سلسلے میں تعاون کے لیے تیار ہے۔