Aug ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۹:۲۷ Asia/Tehran
  • ایرانی پارلیمنٹ کی جانب سے بحرینی عوام کی پرامن جدوجہد کی حمایت کا اعلان

ایران کی مجلس شورائے اسلامی یا پارلیمنٹ نے بحرینی عوام کی حکومت مخالف پرامن تحریک کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

ایران کی پارلیمنٹ نے ایک بیان جاری کرکے ظالمانہ اقدامات کے خلاف بحرینی عوام کی تحریک کی حمایت کا اعلان کیا ہے- پارلیمنٹ کے دو سو تین اراکین کی جانب سے جاری کئے گئے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ بحرین کے مظلوم مسلمان عوام ایک عرصے سے آل خلیفہ حکومت کے مخاصمانہ اور انسانیت سوز مظالم کا شکار بنے ہوئے ہیں-

بیان میں کہا گیا ہے کہ بحرینی عوام صبر کے ہتھیار کے ساتھ ایک ایسے وقت ان ظالم و جابر حکام کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں کہ جب بین الاقوامی ادارے زور و زر کے خوف و لالچ  میں اس قسم کے تاریک اور سیاہ کارناموں پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں اور ان مظالم کے خلاف ان کا کوئی بیان سامنے نہیں آرہا ہے-

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ایران کی پارلیمنٹ کے ممبران بحرین کے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شان میں بحرین کے ظالم حکام کی گستاخی اور آل خلیفہ کے سیکڑوں دیگرمظالم منجملہ بچوں اور خواتین کو جیلوں کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دینے اور سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی گرفتاری کی، جو آل خلیفہ حکومت کی حماقت کو ظاہر کرتے ہیں، مذمت کرتے ہیں- بیان میں کہا گیا ہے کہ بحرینی حکام کے ظالمانہ اقدامات بین الاقوامی اداروں، انسانی حقوق کے دعویداروں اور امریکا، سعودی عرب اور بحرین جیسے ملکوں کے لئے ایک بڑی اور تاریخی رسوائی سمجھتے ہیں۔

واضح رہے کہ بحرینی عوام فروری دو ہزار گیارہ سے اپنے ملک میں جمہوریت، آزادی اور انصاف کے قیام کے حق میں پرامن تحریک چلارہے ہیں۔