نیتن یاہو کی نام نہاد امن بورڈ رکنیت پر حماس کی شدید مذمت
حماس نے نام نہاد بورڈ آف پیس میں نیتن یاہو کی رکنیت کو نسل کشی کا صلہ قراردے دیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی تحریک حماس کے رہنما محمود مرداوی نے صیہونی وزیر اعظم کے نام نہاد بورڈ آف پیس میں رکنیت کو فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کی نسل کشی کا صلہ قرار دیا ہے۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق محمود مرداوی نے ایکس میں اپنے پیج پر لکھا ہے کہ بنیامین نیتن یاہو کی نام نہاد بورڈ آف پیس کی رکنیت فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت سے متصادم ہے۔
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ نیتن یاہو کی نام نہاد بورڈ آف پیس میں شمولیت سے شکوک و شبہات کو تقویت ملتی ہے،عدم اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے اور اس کےذریعے صیہونی حکومت کو نسل کشی اور کچلنے پر مبنی پالیسیوں کی سزا دیئے جانےکے بجائے اسے صلہ دیا جا رہا ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
واضح رہے کہ بدھ کے دن نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے اعلان کیا گيا تھا کہ صیہونی وزیر اعظم نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کے دوران نام نہاد بورڈ آف پیس کی رکنیت کی دستاویز پر دستخط کیے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پندرہ جنوری کو بورڈ آف پیس کے قیام کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب فلسطینی ذرائع ابلاغ نے صیہونی حکومت کی جیلوں میں قید حاتم ریان کی شہادت اور عبداللہ البرغوثی کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔
دریں اثناء غزہ شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے کہا ہے کہ غزہ پٹی میں تلاش اور امدادی کارروائیوں کے باوجود تقریبا آٹھ ہزار شہداء کی لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہیں۔محمود بصل کا مزید کہناتھا کہ تین ہزار سے زیادہ افراد ابھی تک لاپتہ ہیں اور ان کے بارے میں کوئی مصدقہ اطلاع نہیں ہے کہ آیا وہ زندہ ہیں، شہید ہیں یا گرفتار ہیں۔ غزہ میں فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ سات اکتوبر دو ہزار تیئیس سے اب تک فلسطینی شہداء کی تعداد بہتّر ہزار پینتالیس اور زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ اکہتر ہزار چھ سو چھیاسی ہو گئی ہے۔
غزہ میں فلسطینی وزارت صحت نے مزید کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے دس اکتوبر کو نافذ ہونے والے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی تعداد پانچ سو اکیانوے اور زخمیوں کی تعداد ایک ہزار پانچ سو اٹھتر ہو گئی ہے۔
ادھر فلسطینی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ صیہونی فوجی فلسطینیوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ صیہونی فوجیوں نے آج صبح جنوبی جنین میں واقع جبع قصبے پر حملہ کر کے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ فلسطینی قیدیوں کے کلب کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی فوج نے حالیہ دنوں میں ایک لڑکی سمیت دس فلسطینی خواتین کو گرفتار کیا ہے۔اس رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کی جیلوں میں قید فلسطینی خواتین کی تعداد چھیاسٹھ ہو گئی ہے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔