ایران: عرب لیگ کو علاقے کی تاریخ اور جغرافیے کے مطالعے کی دعوت
اسلامی جمہوریہ ایران نے ایرانی جزائر سے متعلق عرب لیگ کے بیان کو مسترد کر دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان "بہرام قاسمی" نے تین ایرانی جزیروں " جزیرہ ابوموسی" تنب کوچک اور تنب بزرگ" کے بارے میں عرب لیگ کے بیان کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا ہے۔
وزارت خارجہ کے پریس ڈپارٹمنٹ کے مطابق بہرام قاسمی نے عرب لیگ کے جنرل سیکریٹری " احمد ابوالغیط" کے بیان کو ایران کے داخلی امور میں مداخلت سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ " ابولغیط " کو چاہیے کہ وہ کوئی بیان دینے سے قبل علاقے کے جغرافیا اور تاریخ کا مطالعہ کرلیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جزیرہ ابوموسی، تنب کوچک اور تنب بزرگ اسلامی جمہوریہ ایران کی ملکیت ہیں اور ان تینوں جزیروں کو ہرگز ایران سے جدا نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ بار بار ایک بے بنیاد دعوے کی تکرار، تاریخی ، جغرافیائی اور قانونی اعتبار سے حقائق کو تبدیل نہیں کر سکتی۔ عرب لیگ کے جنرل سیکریٹری" احمد ابوالغیط" نے منامہ میں بحرین کے وزیر خارجہ " خالد بن آل خلیفہ" کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں عوام کے خلاف تشدد آمیز پالیسیوں کو نظراندازکرتے ہوئے آل خلیفہ کی شاہی حکومت کو اپنی حمایت کا یقین دلایا اور اس کے ساتھ ہی تین ایرانی جزیروں پر مالکیت سے متعلق آل خلیفہ کے گھسے پٹے دعوے کو دہرایا۔