Sep ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۵:۱۹ Asia/Tehran
  • امریکا، برطانیہ اسرائیل اور سعودی عرب، اسلامی انقلاب کے دشمن ہیں

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد حسین باقری نے اسلامی انقلاب کے خلاف امریکا، اسرائیل ، برطانیہ اور سعودی عرب کی سازشوں کی بابت خبردارکیا ہے

مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمدحسین باقری نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات سپاہ کے کمانڈروں کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ آج امریکا اسلامی انقلاب کا سب سے بڑا دشمن ہے انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت، برطانیہ اورسعودی عرب جیسے ان کے علاقائی پٹھو بھی اسلامی انقلاب کے دشمن ہیں اور وہ اس سلسلے میں کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرتے - ان کا کہنا تھا کہ آج دشمن نے اسلامی انقلاب کا مقابلہ کرنے کے لئے جو نئی حکمت عملی تیارکی ہے وہ ایران کے اندر اثر و رسوخ پیدا کرنے کی حکمت عملی ہے - مسلح افواج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دشمن سافٹ وار اور اسی طرح نفسیاتی اور ثقافتی کارروائیوں اور سرگرمیوں کے ذریعے ایرانی عوام کے عقائد پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ وہ ان کے انقلابی جذبے کو کمزور کرسکیں -  جنرل باقری نے بین الاقوامی معاملات میں ملک کی خود مختاری کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ایٹمی معاہدے کے تجربے نے ثابت کردیا ہے کہ امریکا پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا - ان کا کہنا تھاکہ امریکا کے نزدیک مذاکرات کا مطلب یہ ہے کہ مقابل فریق امریکا کے مطالبات کو تسلیم کرلے لیکن ایران کے لئے یہ چیز ہرگز قابل قبول نہیں ہے -  انہوں نے زور دے کر کہا کہ سپاہ پاسداران ، اسلامی انقلاب کا ایک مضبوط ادارہ ہے اور وہ اپنی دفاعی توانائیوں خاص طور پر میزائلی توانائیوں میں اضافے کا سلسلہ جاری رکھے گا -