امریکی حکام کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر کی نصحیت
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر محمد علی جعفری نے امریکی حکام کو نصیحت کی ہے کہ وہ خلیج فارس میں اپنی موجودگی کے ذریعے امریکی عوام کی دولت کو برباد نہ کریں -
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر محمد علی جعفری نے بندرعباس میں مسلح افواج کی ایک بڑی پریڈ کے موقع پرکہا کہ میں رہبرانقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی تاسّی میں امریکیوں سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ بہتر ہے کہ وہ خلیج فارس میں اپنی شیطنت آمیز اور نقصان دہ موجودگی کے ذریعے امریکی عوام کی دولت اور سرمائے کو برباد نہ کریں - انہوں نے کہا کہ امریکی حکام کو چاہئے کہ وہ اپنی فوجی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لئے بے آف پیگس میں چلے جائیں - سپاہ پاسداران کے کمانڈرنے کہا کہ خلیج فارس ہمارا گھر ہے اور چونکہ دشمن ہمارے گھر کے ارد گرد ڈیرہ ڈالے ہوئے ہے تو یقینی طور پر ہمیں اس پر تحفظات ہیں - سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل جعفری نے کہا ہے کہ دشمن کے دعوے اور صیہونی و تسلط پسند نظام کے پروپیگنڈوں کے برخلاف ایران کی مسلح افواج کے درمیان خاص طور پر فوج اور سپاہ کے مابین اتحاد، یکہجتی اور تعاون بالخصوص خلیج فارس اور بحیرہ عمان کے دائرہ کار میں ایک ناقابل انکار حقیقت ہے - انہوں نے کہا کہ امریکیوں کے غیر پیشہ ورانہ اقدامات کے باوجود بحمد اللہ سپاہ کی بحریہ کی ہوشیاری اور ذہانت کے ذریعے خلیج فارس اورآبنائے ہرمز کی سیکورٹی کو یقینی بنا دیا گیا ہے- سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا ہے کہ جولوگ اپنے پیشہ ورانہ رویّے کا دعوی کرتے ہیں وہ اپنے آپ سے سوال کریں کہ خلیج فارس میں ان کی موجودگی سے علاقے میں سیکورٹی کے لئے مددگار ثابت ہوئی ہے یا نقصان دہ رہی ہے ؟