دفاع مقدس ، انقلاب اسلامی کا تابناک ترین دور
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر انچیف نے دفاع مقدس کو انقلاب اسلامی کی تاریخ کا سب سے تابناک دور قرار دیا ہے-
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف بریگیڈیئرجنرل حسین سلامی نے جمعرات کی رات ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ عراق کی جانب سے مسلط کردہ جنگ اور آٹھ سالہ مقدس دفاع کے دوران مکمل اقتصادی و اسلحہ جاتی پابندیوں کے باوجود ایران ، بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی رہبری میں قوم کے ایمان اور ایثار و قربانی سے ہمیشہ کے لئے سربلند ہوگیا-
بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ ایران اسلامی نے مقدس دفاع کے بعد ٹینک ، توپ ، انواع و اقسام کے ریڈار، میزائل ، ڈرون ، بحری بارودی سرنگیں اور سمندری راکٹ لانچر، دورمار، متوسط اور کم رینج کے بیلیسٹیک میزائل سمیت ہرطرح کے دفاعی ساز و سامان بنانے اور انھیں اپڈیٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے-
سپاہ پاسداران کے ڈپٹی کمانڈرانچیف نے کہا کہ بین الاقوامی کنونشن دنیا پر امریکہ کے مسلط کردہ دہرے معیارات کے مطابق ترتیب دیئے گئے ہیں اور انھیں کنونشوں کی بنیاد پرصیہونی حکومت کے پاس دو سو ایٹمی وار ہیڈ موجود ہیں لیکن ایران کو ایٹمی انرجی سے استفادے کا حق بھی نہیں دیا جاتا- بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ امریکہ ، ایران کی دفاعی طاقت کو سمجھ چکا ہے -