ایران: متحدہ عرب امارات کے بے بنیاد دعوے مسترد
اسلامی جمہوریہ ایران نے متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ کے بے بنیاد دعووں کو مسترد کردیا ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان " بہرام قاسمی" نے اتوار کے روز اپنے ایک بیان میں ، تین ایرانی جزائر پر متحدہ عرب امارات کی مالکیت کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جزیرے سرزمین ایران کا حصہ ہیں اور انہیں کوئی بھی ایران سے جدا نہیں کرسکتا۔
" بہرام قاسمی" نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ " عبداللہ بن زائد آل نہیان" کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ان کے بیان کوتکراری اور بے بنیاد قرار دیا۔ " بہرام قاسمی" نے کہا کہ ابوظہبی حالیہ چند برسوں کے دوران کشیدگی میں کمی لانے کے بجائے اختلافات کو مزید بڑھاوا دینے اور جنگ کی آگ بھڑکانے کی کوشش کررہا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ ابوظہبی کے وزیرخارجہ علاقے کی بحرانی صورتحال کا ذمہ دار دوسروں کو قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ابوظہبی اپنے قدامت پسندانہ روایتی کردار کو چھوڑ کرعلاقے میں تشدد اور جنگ کی آگ بھڑکانے والوں کا ساتھ دے رہا ہے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ علاقہ اس وقت جس کرب سے گزرہا ہے اس کی بنیادی وجہ تکفیری دہشت گردانہ نظریات کی حمایت پر مبنی پالیسیاں ہیں۔ انہوں نے دو ٹوک لفظوں میں کہا کہ یہ تینوں جزیرے ہماری سرزمین کا اٹوٹ حصہ ہیں اور ان پر مالکیت کے بے بنیاد دعووں کی تکرار سے تاریخی حقائق کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔