Oct ۱۱, ۲۰۱۶ ۱۱:۵۵ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی عرب کے حالیہ حملے کی مذمت

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے یمن کی صورتحال کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس غریب ملک پر سعودی عرب کے تباہ کن حملوں پر تنقید کی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر کے دن جنوب مشرقی ایشیا کے اپنے دورے سے تہران واپس پہنچنے کے بعد مہرآباد ایئرپورٹ پر نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران کہا کہ یمن  کی صورحال افسوسناک ہے کیونکہ ایک ایسی مظلوم ملت کو دو برسوں سے سعودی حکومت کی بمباری کا سامنا ہے جس کی اقتصادی حالت پہلے سے ہی اچھی نہیں ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے مزید کہا کہ واقعی یہ بات ناقابل یقین ہے کہ محرم الحرام کے مہینے میں بغیر کسی وجہ کے یہ حکومت اپنے مسلمان بھائیوں ، خواتین اور بچوں کا قتل عام جاری  رکھے ہوئے ہے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی تقریر میں  اس بات کی جانب اشارہ کیا تھا کہ اگر ہم ایشیا میں ترقی و پیشرفت دیکھنا چاہتے ہیں تو پھر مشرقی ایشیا اور مغربی ایشیا کے درمیان فاصلہ نہیں ہونا چاہئے۔ یہ دونوں ایشیائی علاقے ایک دوسرے پر اثر انداز ہوتے ہیں اور ہم سب کو دہشت گردی کے مقابلے اور خطے میں کی جانے والی غیر انسانی اور غیر قانونی جارحیتوں کی روک تھام کے لئے اپنی ساری صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔

واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے یہ بیانات یمن پر سعودی عرب کے حالیہ تباہ کن حملے کے خلاف اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے دیئے ہیں۔

سعودی عرب کے لڑاکا طیارون نے ہفتے کے دن یمن کے دارالحکومت صنعا میں اس ملک کے وزیر داخلہ کے والد کی مجلس ترحیم کے مقام پر بمباری کی تھی جس میں ایک سو چالیس سے زیادہ افراد جاں شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری نے بھی اس حملے کی مذمت کی ہے۔