Oct ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۷:۰۰ Asia/Tehran
  • سعودی عرب اور صیہونی حکومت کی ایران کے خلاف سازش

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل جعفری نے کہا ہے کہ ایران کو اپنے خلاف آل سعودی اور صیہونی حکومت کی مشترکہ سازشوں کا پورا علم ہے

میجر جنرل محمد علی جعفری نے ایران کے صوبے خراسان شمالی کے صدر مقام بجنورد میں اس صوبے کے تین ہزار شہیدوں کی یاد میں منعقد کئے گئے قومی سیمینار میں کہا کہ غدار اور خائن آل سعود ان دنوں شیعہ نشین ملکوں میں سازشیں کر رہی ہے - سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ دشمن اپنے زعم ناقص میں یہ سمجھ رہے ہیں کہ وہ سیستان و بلوچستان جیسے ہمارے مشرقی صوبوں میں بدامنی پیدا کردیں گے جبکہ الحمد للہ ان صوبوں میں اسی طرح کی اعلی پیمانے کی سیکورٹی ہے جس طرح کی تہران میں ہے - انہوں نے سعودی حکومت کے حالیہ اقدامات کے بارے میں کہا کہ سعودی عرب شیعہ نشین ملکوں میں اختلاف اور بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن الحمد للہ وہ اپنی اس کوشش میں ابھی تک کامیاب نہیں ہوسکا ہے - سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ دشمن جانتے ہیں کہ ایران کی شراکت کے بغیر شام کا بحران حل نہیں ہوسکے گا - انہوں نے پانچ برسوں سے جاری شام کے بحران کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں نے داعش جیسے دہشت گرد گروہ کو تشکیل دے کر بہت بڑی تعداد میں شیعہ اور سنی مسلمانوں کو شہید کیا ہے  لیکن آج وہ لوگ جانتے ہیں کہ شام کے بحران اور مشکلات کو حل کرنے کے لئے ایران کا سہارا لینا پڑے گا - انہوں نے کہا کہ یہ وہ حقیقت ہے جس کا اعتراف امریکی تجزیہ نگار، امریکی میڈیا میں کھل کر کررہے ہیں - سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ امریکا جب عراق میں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام ہوگیا تو اس نے شیعہ مخالف عناصر میں سے داعش جیسا دہشت گرد گروہ تشکیل دے کر بحران پیدا کیا لیکن اس کے باوجود وہ شیعہ علاقوں میں نہیں پہنچ سکا - ان کا کہنا تھا کہ مراجع کرام کے فتووں کی بدولت عراقی عوام دہشت گردوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے اور آج عراق کے بہت سے علاقے واپس لئے جاچکے ہیں جبکہ اس وقت عراقی افواج موصل شہر کو بھی آزاد کرانے کی کارروائیاں شروع کرچکی ہیں