جمعیت الوفاق بحرین کے مراکز پر حملہ، ایران کا اظہار تشویش
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کےترجمان نے بحرین کی جمعیت الوفاق کے مراکز پر حملے کی بابت اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے-
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے بحرین کے مذہبی اور سیاسی رہنماؤں کے خلاف آل خلیفہ حکومت کے جارحانہ رویوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے اس حکومت کے جارحانہ رویوں اور اقدامات کو ایک تاریخی اور اسٹریٹیجک غلطی قرار دیا ہے-
وزارت خارجہ کی رپورٹ کے مطابق بہرام قاسمی نے بحرینی حکام کوسے کہا ہے کہ وہ اپنے جارحانہ رویوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایسے اقدامات عمل میں لائیں جن سے اعتماد کی فضا بحال ہو اور تمام فریقوں کے درمیان سنجیدہ گفتگو اور مذاکرات کا راستہ ہموار ہوسکے-
واضح رہے کہ آل خلیفہ حکومت کے کارندوں نے صیہونی حکومت کے ساتھ بحرینی حکومت کے تعلقات بحال ہونے کی مخالفت میں جمعیت الوفاق کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے بعد اس پارٹی کے سبھی دفاتر پر حملہ کرکے ان دفتروں میں موجود سامان کو بھی ضبط کرلیا ہے -
جمعیت الوفاق کے دفاتر پر آل خلیفہ حکومت کے کارندوں نے یہ حملے ایک ایسے وقت کئے ہیں جب بحرینی عوام اورعلما ، بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کئے جانے کے حکومت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف مسلسل مظاہرے کررہے ہیں -
بحرینی حکومت نے گذشتہ جون کے مہینے میں بحرین کے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کردی تھی جس کے خلاف بحرین اور دنیا کے مختلف ملکوں میں شدید مذمت کا سلسلہ جاری ہے-