Oct ۲۴, ۲۰۱۶ ۲۰:۱۳ Asia/Tehran
  • یورپی یونین، صرف پناہ گزینوں کے 3 فیصد اخراجات پورا کر رہی ہے: وزیر داخلہ

ایران کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ افغان پناہ گزینوں کی صورتحال کو بہتر بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

ایران کے وزیر داخلہ ڈاکٹر عبدالرضا رحمانی فضلی نے یورپی یونین کی انسان دوستانہ کارروائیوں کے کمشنر کریسٹوس اسٹیلیانیڈس کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ مشترکہ نشست میں قدرتی آفات اور ایران میں پناہ گزینوں اور تارکین وطن کے موضوع کو لیکر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایران کے وزیر داخلہ نے اس بات پرزور دیا کہ ایران میں افغان پناہ گزینوں کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے افغان حکومت، اقوام متحدہ اوریورپی یونین کو بھی بھرپور تعاون کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور یورپی یونین کے ماہرین نے بھی پناہ گزینوں کے انتظام اور ان کے لئے پلاننگ کئے جانے کے مقصد سے مختلف راہ حل پیش کی ہیں۔ ایران کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ یورپی یونین ، ایران میں مقیم پناہ گزینوں کے تین فیصد اخراجات کو پورا کرتی ہے اور ان کی جانب سے فراہم شدہ امداد  خوراک، ادویات اور تعلیم تک محدود ہے۔

واضح رہے کہ یورپی یونین کی انسان دوستانہ کارروائیوں کے کمشنر نے اپنے دو روزہ دورہ ایران کے موقع پر صوبہ کرمان میں مقیم افغان پناہ گزینوں سے بھی ملاقات کی ہے۔