ایران کی جانب سے یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی قرارداد کا خیر مقدم
ایران نے یورپی یونین کی اس قرارداد کا خیر مقدم کیا ہے جس میں ایران کے ساتھ یورپ کے تعلقات کو معمول پر لانے کی ضرورت پر زوردیا گیاہے-
وزارت خارجہ کے ترجمان نے تہران کے ساتھ یورپی یونین کے تعلقات کی بحالی سےمتعلق یورپی ملکوں کی قرارداد کو، ایران کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے اس یونین کے مثبت عزم وارادے کی علامت قراردیا -
وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے یورپی پارلیمان میں ایران کے ساتھ تعلقات کی بحالی سے متعلق یورپی ملکوں کی قرارداد کے بارے میں کہا کہ اس قرارداد کی منظوری اس بات کو ظاہر کرتی ہےکہ یورپی یونین مختلف میدانوں میں تہران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بحال کرنا چاہتی ہے-
انہوں نے کہاکہ یورپی پارلیمان کی قرارداد میں، علاقے میں امن و امان کی برقراری میں ایران کے موثر علاقائی اور عالمی کردار کا اعتراف کیا گیا ہے ، ساتھ ہی علاقائی بحرانوں کے حل کی کوششوں اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران کو موثر طریقے سے شریک کئے جانے کی ضرورت پر تاکید نیز تمام سیاسی، اقتصادی، سماجی اور سائنسی میدانوں میں تعلقات کو فروغ دینے پر زوردیا گیا ہے -
ترجمان وزارت خارجہ نے ساتھ ہی اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو یورپی پارلیمان سے توقع ہے کہ وہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد کے دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھ کر اور ہرطرح کی سیاسی مصلحت اندیشیوں اور پروپیگنڈوں کی پروا کئے بغیر ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے واضح لائحہ عمل تیار کرے گی -