دنیا میں امن و استحکام قائم کرنے میں خواتین کے مرکزی کردار پر ایران کی تاکید
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل نمائندے غلام علی خوشرو نے کہا ہے کہ انسان دوستانہ کاموں میں خواتین کی شرکت نے ہمیشہ عام شہریوں کی جان بچانے میں مدد دی ہے اور پائیدار امن قائم کرنے میں موثر کردار ادا کیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق غلام علی خوشرو نے بدھ کے دن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے عام اجلاس میں کہ جو امن و استحکام میں خواتین کے کردار کے بارے میں تھا، کہا کہ خواتین امن و استحکام کے قیام میں مرکزی کردار ادا کر سکتی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ انسان دوستانہ کاموں میں خواتین کی شرکت ہمیشہ موثر رہی ہے اور اس سے سیاسی مصالحت، پائیدار امن کے قیام اور اقتصادی تعمیرنو میں تیزی آئی ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے کا کہنا تھا کہ خواتین، امن و استحکام کے بارے میں سلامتی کونسل کی قرارداد 1325 کی منظوری کو سولہ سال کا عرصہ گزرنے کے موقع پر، پائیدار ترقی اور امن و استحکام قائم کرنے کے مقصد سے پروگراموں پرعمل درآمد میں پیش پیش رہنے والے عناصر کی حیثیت سے خواتین کا کردار پہلے سے زیادہ عام لوگوں کے لئے واضح ہو گیا ہے۔
انھوں نے مشرق وسطی میں دہشت گردانہ نظریات پھیلنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انتہاپسندی اور تکفیری نظریات کے پھیلاؤ نے خواتین کے کردار اور ان کے مرتبے کی قدروقیمت کم کی ہے اور ان کے انسانی حقوق کو سنگین خطرات لاحق کر دیے ہیں۔
غلام علی خوشرو نے اس سلسلے میں تکفیری عناصر کی جانب سے عورتوں اور لڑکیوں کو کنیز بنانے، ان کے جنسی استحصال اور جسمانی اور نفسیاتی تشدد کی طرف اشارہ کیا اور انتہاپسندی کا مقابلہ کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے مجوزہ پروگرام میں عورتوں کے کردار اور ان کی صلاحیتوں کو پیش نظر رکھنے کی حمایت کی۔