Oct ۲۸, ۲۰۱۶ ۲۰:۰۰ Asia/Tehran
  • متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کو ایران کا سخت جواب

اسلامی جمہوریہ ایران نے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کو نصحیت کی ہے کہ وہ اسلامی مقدسات کو اپنے ناپاک مقاصد کے لئے استعمال نہ کریں-

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کے اس دعوے کے جواب میں یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے مکہ مکرمہ کی جانب میزائل فائر کیا ہے کہاکہ متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ کا یہ دعوی سرے سے غلط اور بے بنیاد ہے-

انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کو تہران کی نصیحت یہ ہے کہ وہ مقدس اور متبرک اسلامی مقامات کو اپنے پست سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہ کریں اور اپنی شکست و ناکامی کی تلافی کے لئے اس طرح کی منافقانہ ، تفرقہ انگیز اور خطرناک تشہیراتی مہم کا سہارا نہ لیں -

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسلامی مقدسات سے یمن کے عوام کا عشق و محبت ان تکفیری عناصر اور بادشاہوں سے کہیں زیادہ ہے جنھوں نے اپنے تخت و تاج کو بچانے کے لئے امت اسلامیہ پر بھروسہ کرنے کے بجائے امریکا اور صیہونی حکومت کا دامن تھام رکھا ہے  -

انہوں نے کہا کہ یمن کے عوام حرمین شریفین کا احترام، جارح حکام اور یمنی بچوں کے قاتلوں سے زیادہ کرتے ہیں - ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ بلاشبہہ جو لوگ اپنے مجرمانہ اور ناپاک مقاصد کو کعبے کی حرمت اور تقدس سے زیادہ سمجھتے ہیں وہ مسلمانوں کے درمیان روز بروز ذلیل و رسوا ہوتے رہیں گے -

واضح رہے کہ سعودی ذرائع نے عالم اسلام کی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کے لئے جمعے کو دعوی کیا کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے یمن کے شمالی صوبے صعدہ سے  ایک بیلیسٹک میزائل مکہ مکرمہ کی جانب فائر کیا ہے -

جبکہ یمنی فوج اور عوامی رضا کارفورس نے سعودی جارحیتوں کا جواب دیتے ہوئے جدہ کے، ملک عبدالعزیز ہوائی اڈے کو میزائل  حملے کا نشانہ بنایاہے - اس حملے کے بعد سعودی حکام نے جدہ شہر میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان اور جدہ ہوائی اڈے کی جانب  جانے والے راستوں کو بند کردیا ہے  - اس حملے میں جدہ ہوائی اڈے کو خاصا نقصان پہنچا ہے -