لبنان اور شام صیہونیوں کے لئے ڈراؤنا خواب بن گئے ہیں: بریگیڈیئر سلامی
اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر انچیف بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ لبنان اور شام صیہونیوں کے لئے ڈراؤنے خواب، اور باطل کے خلاف حق کی جنگ کے میدان میں تبدیل ہوگئےہیں-
سپاہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے اصفہان میں شہداء کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دنیا میں سامراجی طاقتوں کی پے در پے شکستوں کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ ان دنوں لبنان، صیہونیوں کے لئے ڈراؤنا خواب، جبکہ شام ، باطل کے خلاف حق کی جنگ کا میدان بن گیا ہے اور تا حال استکبار کو کوئی نتیجہ یا کامیابی حاصل نہیں ہوسکی ہے-
بریگیڈیئر سلامی نے کہا کہ استکبار کو عراق میں بھی کوئی کامیابی نہیں ملی ہے کیوں کہ اس ملک میں ایک عوامی طاقت ابھر کر سامنے آئی ہے اور شام میں بھی عوامی فورس دشمنوں کے مقابل ڈٹی ہوئی ہے-
انہوں نے ایران کی فوجی طاقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کبھی بھی میدان سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور اسلام کی حقیقی کامیابی تک استقامت کرتا رہے گا- بریگیڈیئر سلامی نے کہا کہ ملت ایران کے نعرے عالم اسلام میں گونج رہے ہیں اور اس قوم نے عالم اسلام میں عظیم تشخص اور مقام حاصل کرلیا ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر انچیف بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ اسلام، دشمنوں کے خلاف ایک عظیم جنگ میں پیشقدمی کر رہا ہے اور مسلمانوں کی بیداری کے ساتھ ہی دشمنوں کی شکست اور ناکامی کی آوازیں سنائی دینے لگی ہیں-