عالمی ادارہ صحت: مشرقِ وسطیٰ میں جنگ خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس آدهانوم گبریسوس نے خبردار کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، خاص طور پر جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے بعد صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔
سحرنیوز/دنیا: گبریسوس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں تمام فریقوں سے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرنے اور ایسے اقدامات سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے جو کسی جوہری حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے نطنز جوہری مرکز اور دیمونا شہر پر بمباری کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جس سے خطے کی صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی ہے۔
گبریسوس کے مطابق، ایران کے جنوب مشرقی علاقوں اور دیمونا میں پیش آنے والے واقعات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، تاہم فی الحال ان علاقوں میں تابکاری کی سطح میں اضافے کے واضح شواہد سامنے نہیں آئے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا عوامی صحت اور ماحولیات کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے بتایا کہ ادارے نے 13 ممالک میں اپنے عملے اور اقوام متحدہ کے اہلکاروں کو اس نوعیت کے خطرات سے نمٹنے کے لیے خصوصی تربیت فراہم کی ہے۔
انہوں نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کم کرنے اور شہریوں کی جانوں کے تحفظ کو ترجیح دیں، کیونکہ امن ہی بہترین حل ہے۔۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel