Oct ۳۱, ۲۰۱۶ ۱۹:۲۵ Asia/Tehran
  • ایران کی جانب سے لبنان میں صدر کے انتخاب کا خیر مقدم

اسلامی جمہوریہ ایران نے لبنان کی سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے کا خیر مقدم کرتے ہوئے نئے صدر کے انتخاب پر مبارک باد پیش کی ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران لبنان کی سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے اور میشل عون کے بطور صدر انتخاب کا خیر مقدم کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدارت کے لیے میشل عون کے انتخاب سے لبنان میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط اور سیاسی استحکام کو تقویت ملے گی۔

بہرام قاسمی نے یہ بات زور دیکر کہی ہے کہ لبنان کی سیاسی جماعتوں اور عوام کے منتخب نمائندوں نے آخر کار خطے کے حساس حالات کو محسوس کرتے ہوئے صدر کے انتخاب کا اہم اور تاریخی اقدام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر کی حثیت سے میشل عون کا انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ لبنان مختلف مذاہب اور ادیان کے درمیان رواداری کا گہوارہ ہے اور پرامن بقائے باہمی کا عملی نمونہ ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امید ظاہر کی کہ میشل عون کے دور صدارت میں ایران اور لبنان کے تعلقات میں زیادہ سے زیادہ فروغ آئے گا۔