ظریف لبنان کے دورے پر، سیاسی اور اقتصادی موضوعات پر غور کیا جائے گا
ایران کے وزیر خارجہ ایک سیاسی اور معاشی وفد کے ہمراہ لبنان پہنچ گئے ہیں۔
رپورٹوں کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اپنے دو روزہ لبنان دورے میں اپنے ہم منصب جبران باسیل سمیت لبنان کے صدر میشل عون، پارلیمنٹ اسپیکر نبیہ برّی اورعبوری وزیر اعظم اور کیئرٹیکر، تمام سلام سے ملاقات کریں گے۔ نئے وزیر اعظم سعد حریری سے بھی ایران کے وزیر خارجہ کی ملاقات متوقع ہے۔ لبنان کے سیاسی گروہوں اوراس ملک میں مقیم فلسطینی مزاحمتی گروہوں کے نمائندوں سے ملاقات اوراسی طرح ایران اور لبنان کی تجارت کے فورم میں شرکت بھی محمد جواد ظریف کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ لبنان کے اعلی عہدے داروں کے ساتھ مختلف سیاسی، معاشی اور ثقافتی موضوعات سمیت علاقے کے حالات بالخصوص بحران شام اور بین الاقوامی تعلقات کے سلسلے میں گفتگو کریں گے۔ ایران کے وزیر خارجہ لبنان کے بعد، رومانیہ، اسلوواکیہ اور چیک ری پبلک کا دورہ کریں گے۔