Nov ۲۸, ۲۰۱۶ ۱۹:۱۲ Asia/Tehran
  • بارگاہ رضوی میں عزاداران رسول کا عظیم اجتماع

رحلت رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امام حسن علیہ السلام کے یوم شہادت پر مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضے میں عزاداری کا عظیم اجتماع منعقد کیا گیا۔

حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضے سے متصل صحن جامع رضوی میں ہونے والے عزاداری کے اس عظیم الشان اجتماع میں، صوبہ خراسان رضوی کے مختلف علاقوں سے آنے والی تین سو سے زائد ماتمی انجمنوں اور اطراف کے شہروں سے پیدل سفر کرکے آنے والے ہزاروں زائرین نے شرکت کی۔

نماز ظہرین باجماعت ادا کرنے کے بعد صحن جامع رضوی میں عزاداری کا آغاز ہوا جس میں علما و ذاکرین حضرات نے مصائب بیان کیے جبکہ نوحہ خوانوں نے رسول اکرم صلی اللہ و علیہ وآلہ وسلم اور امام حسن علیہ السلام کی یاد میں نوحے اور مریثے پڑھے۔ صحن جامع رضوی میں موجود ہزاروں عزادار دیر تک، گریہ وزاری اور سینہ کوبی کرتے رہے۔

مشہد مقدس خاص طور پر بارگاہ رضوی میں اس وقت بھی عزاداری کا سلسلہ جاری ہے اور لاکھوں کی تعداد میں عقیدت مند، نوخہ خوانی اور سینہ زنی کر ر ہے ہیں۔

قم المقدسہ میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا، شیراز میں حضرت شاہ چراغ اور شہر رے میں حضرت عبدالعظیم حسنی علیھم السلام کے روضوں میں بھی مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے جن میں شریک لوگ، رسول خدا اور آپ کے نواسے حضرت امام حسن علیہ السلام کے فراق میں اشک غم بہا رہے ہیں۔

اتوار کی شام سے شروع ہونے والا عزاداری کا یہ سلسلہ امام رضا علیہ السلام کے یوم شہادت تک جاری رہے گا۔ حضرت امام رضا علیہ السلام کا یوم شہادت بدھ تیس صفر کو منایا جائے گا۔

عراق، شام لبنان اور پاکستان و ہندوستان سمیت دنیا کے ملکوں سے بھی رحلت رسول خدا اور حضرات امام حسن علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر مجالس عزا کے انعقاد اور جلوس ھائے عزا برآمد کیے جانے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔

ٹیگس