نئی دہلی میں ایرانی اور ہندوستانی بحریہ کمانڈرز کی ملاقات، بحری تعاون بڑھانے پر زور
ہندوستانی دارالحکومت نئی دہلی میں ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی اور ہندوستانی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی کے درمیان ملاقات میں بحریہ سے متعلق مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تاکید کی گئی۔
سحرنیوز/ہندوستان: دریں اثنا ایران کا دنا ڈسٹرائر ہندوستان میں ہونے والی میلان دو ہزارچھبیس بحری مشقوں میں شرکت کے لئے ہندوستان کی وشاکھاپٹنم بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگیا ہے
میلان دوہزار چھبیس بین الاقوامی مشقوں کے موقع پر، ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی نے ہندوستانی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی سے ملاقات کی، اور تربیتی تعاون کو بڑھانے، فوجی وفود کے تبادلے، مشترکہ خصوصی کورسز کے انعقاد، اور میری ٹائم سرچ اینڈ ریسکیو کے شعبوں میں آپریشنل اشتراک عمل کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات میں ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے کثیر الجہتی مشقوں کو آپریشنل کوآرڈینیشن بڑھانے، جنگی تیاری کی سطح کو بہتر بنانے اور ملکوں کے درمیان دفاعی سفارت کاری کو مضبوط بنانے کا ایک قیمتی موقع قرار دیا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
تہران اور نئی دہلی کے درمیان بحری اشتراک عمل کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے، ایڈمرل شہرام ایرانی نے اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کی جانب سے تکنیکی اور تعلیمی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ دونوں فریقوں کی دلچسپی کے شعبوں میں مشترکہ مشقوں کے انعقاد پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ لمبی دوری کے آپریشنز اور اسکارٹ مشنز کے میدان میں تجربات کے تبادلے سے ایک دوسرے کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔
اس ملاقات میں ہندوستانی بحریہ کے کمانڈر نے بھی میلان دوہزارچھبیس مشقوں میں ایرانی وفد کی موجودگی پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان مشقوں کو دوست اور شراکت دار ممالک کے درمیان بحری تعاون کی علامت قرار دیا اور کہا کہ علاقائی بحری افواج کے درمیان مسلسل اور تعمیری اشتراک عمل بحری قزاقی ، منظم اسمگلنگ اور قدرتی آفات سمیت مشترکہ خطرات کا مقابلہ کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ دریں اثنا ایران کا دنا ڈسٹرائر ہندوستان میں ہونے والی میلان دوہزارچھبیس بحری مشقوں میں شرکت کر لئے ہندوستان کی وشاکھاپٹنم بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگیا ہے۔ میلان مشقیں ہر دو سال بعد ہندوستان کی ایک بڑی بندرگاہ پر منعقد کی جاتی ہیں اور اس میں ستّر سے زیادہ ممالک کی بحری افواج شامل ہوتی ہیں۔ یہ میلان بحری مشقوں کا تیرہواں دور ہے جو اٹھارہ فروری سے پچیس فروری تک خلیج بنگال میں واقع وشاکھاپٹنم بندرگاہ پر ہورہا ہے۔