ایران اور قزاقستان کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ پر ڈاکٹر روحانی کی تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے قزاقستان کو وسطی ایشیا کے علاقے کا اہم اسلامی ملک اور ایران کے لئے کیسپین سی کا اچھا ہمسایہ قرار دیا-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعرات کو ایران اور قزاقستان کے حکام کے درمیان تعاون کی پانچ دستاویزات پر دستخط کے بعد دارالحکومت آستانہ میں نامہ نگاروں کے اجتماع میں کہا کہ ایشیاء کے دو اہم اور اسلامی ممالک کی حیثیت سے ایران اور قزاقستان کی مشترکہ سرگرمیوں اور ان کے قریبی اقتصادی تعلقات سے، دونوں ملکوں اور علاقے کے ممالک کو فائدہ پہنچ سکتا ہے-
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور قزاقستان نے علاقے کے مسائل خاص طور پر دہشت گردی کے سلسلے میں مذاکرات انجام دیئے ہیں اور اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون جاری رہے گا اور اسے مزید فروغ دیا جائے گا-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے عراق اور شام کے عوام کی صورت حال کو علاقے کے تمام ملکوں کی تشویش کا باعث قرار دیا اورکہا کہ اسلامی ملکوں کو چاہئے کہ ان مسائل و مشکلات کو برطرف کرنے اورعلاقے میں امن و سلامتی کی بحالی میں مدد کریں-
صدر مملکت ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ ایران نے علاقائی سرگرمیوں کے مسائل میں، شنگھای تعاون تنظیم اور اسی طرح یوریشیا یونین میں رکنیت کے لئے اپنی دلچسپی کا اعلان کیا-
قزاقستان کے صدر نور سلطان نظربایف نے بھی کہا کہ نقل و حمل کے شعبے میں تعلقات اور ریلوے لائن کی تعمیر سے، نہ صرف ایران اور قزاقستان کے تعلقات فروغ پا رہے ہیں بلکہ علاقائی تعاون کے ایک اہم عامل میں بھی تبدیل ہو گئے ہیں-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی، آرمینیا کے دورے کے بعد بدھ کی رات قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ پہنچے اور پھر آج سہ پہر کو قیرقیزستان کے دارالحکومت بیشکک پہنچے ہیں-