Jan ۱۶, ۲۰۱۷ ۱۸:۳۹ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات میں ایرانی حجاج کی عزت و سلامتی کے تحفظ پر تاکید کی جائے گی : حمید محمدی

ایران کے حج و زیارت کے ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران حج کے سلسلے میں سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں ایرانی حجاج کرام کی عزت و وقار کے تحفظ اور ان کی سیکورٹی پر زور دے گا-

ایران کے حج و زیارت کے ادارے کے سربراہ حمید محمدی نے پیر کو ہمارے نامہ نگار کے ساتھ گفتگو میں ، اس دعوت نامے کے بارے میں، کہ جسے سعودی عرب نے ایران کو حج کے سلسلے میں روانہ کیا ہے، کہا کہ ایران نے اس کا جواب اتوار کو سعودی عرب کو ارسال کردیا ہے اور اس میں اہم مسائل منجملہ سعودی عرب کی جانب سے ایرانی زائرین کی عزت و حرمت اور سلامتی کی ضمانت فراہم  کئے جانے ، نیز جدہ یا مدینہ منورہ میں ایران کے قونصل خانے کی بعض خدمات قبول کئے جانے پر تاکید کی گئی ہے- حمید محمدی نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کوئی سیاسی یا دوطرفہ تعلقات نہیں ہیں اس لئے ایرانی حجاج کی قانونی حمایت کے لئے خصوصی میکانزم تیار کئے جانے کی ضرورت ہے- انہوں نے شہدائے منیٰ کی دیت کے سلسلے میں کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ رواں سال فروری میں ہونے والے مذاکرات میں شہدائے منیٰ کی دیت کے مسئلے کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور سعودی عرب کے نام ایران کے جوابی خط میں بھی اس مسئلے پر زور دیا گیا ہے- واضح رہے کہ منیٰ کے سانحے میں سعودی حکومت کی نا اہلی اوربدانتظامی کے سبب ایران کے  464 زائرین اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے -

ٹیگس