میزائل تجربہ ایران کے قومی اقتدار کا مظہر ہے، خطیب جمعہ تہران
تہران کے خطیب نماز جمعہ نے کہا ہے کہ ایران کا حالیہ میزائل تجربہ قومی اقتدار کا مظہر ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے ایران کے میزائل تجربے کو ایمٹی معاہدے کے خلاف قرار دینے پر مبنی مغرب کے دعوے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی میزائل توانائی و ٹیکنالوجی کا مسئلہ، ایٹمی معاہدے میں شامل نہیں ہے جبکہ امریکہ کی جانب سے پابندیوں کے قانون کی مدّت میں دس سال کی توسیع ایٹمی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
آیت اللہ احمد خاتمی نے ایران سمیت سات اسلامی ملکوں کے شہریوں کے، امریکہ میں داخلے پر پابندی سے متعلق امریکی صدر کے فیصلے کی شدید مذمت بھی کی۔
انھوں نے اس سلسلے میں یورپ و امریکہ میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں انتہا پسند اور دہشت گرد گروہوں کے حامی ملک کی حیثیت سے سعودی عرب کا نام امریکی صدر کی جانب سے اعلان کئے جانے والے ملکوں کی فہرست میں شامل نہیں ہے اور یہ ایسی حالت میں ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے جن دہشت گرد گروہوں کی حمایت کی جا رہی ہے ان ہی کے ہاتھوں بڑی تعداد میں امریکی فوجی ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
تہران کے خطیب جمعہ نے ایران کے اسلامی انقلاب کی اڑتیسیوں سالگرہ کی طرف بھی اشارہ کیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ ایرانی قوم اس سال بھی اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے جلوس اور مظاہروں میں وسیع پیمانے پر شرکت کر کے ایک بار پھر پوری دنیا کو حیرت زدہ کر دے گی۔
انھوں نے کہا کہ ایرانی قوم استقامت اور انقلابی امنگوں پر ڈٹی ہوئی ہےاور اسلامی انقلاب کی برکتوں سے اسلامی جمہوریہ ایران، دنیا کے چند آزاد ملکوں میں سے ایک اہم ملک ہے۔