فلسطینیوں کی شہادت پسندانہ کاروائی نے صیہونی خواب چکناچور کر دئے: خطیب جمعہ تہران
تہران کے خطیب جمعہ نے، مسجد الاقصی کے خلاف اسرائیلی سازشوں کی بابت خبردار کرتے ہوئے ایرانی عوام سے عالمی یوم القدس کے جلوسوں میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
آیت اللہ سید احمد خاتمی نے تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ، کورونا کے پھیلاؤ کے باعث دوسال کے وقفے کے بعد اس سال پہلا عالمی یوم القدس منایا جائے گا اور بلا شبہ یہ نیک اور خد اپسندانہ عمل ہے۔
انہوں نے عالمی یوم القدس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسجد الاقصی کو یہودی رنگ دینا، بہت بڑی سازش کا حصہ ہے۔
آیت اللہ سید احمد خاتمی نے کہا کہ فلسطینوں کو مسلمانوں کے قبلہ اول سے بے دخل کرکے اس مقدس مقام کو صیہونی حکومت کے حوالے کرنے کی سازش کی جارہی جس کے خلاف بھرپور آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ اسرائیل کو امید تھی کہ بعض عرب ملکوں کے گٹھ جوڑ سے، مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو محفوظ بنایا جا سکے گا لیکن فلسطینیوں نے شہادت پسندانہ اقدامات کے ذریعے، صیہونی سازش کو بری طرح سے ناکام بنا دیا۔
انہوں نے ایرانی عوام سے آئندہ جمعے کو عالمی یوم القدس کے جلوسوں میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی (رح) نے سن انیس سو اسی عشرے میں، ماہ رمضان کے آخری جمعے، جمعتہ الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دیا تھا۔