Feb ۱۴, ۲۰۱۷ ۱۶:۴۶ Asia/Tehran
  • ایران اور یورپی یونین کے تعلقات فروغ کی جانب گامزن

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے لکزمبرگ سمیت یورپی یونین کے ساتھ ایران کے تعلقات کو فروغ کی جانب گامزن قرار دیا ہے-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے تہران میں لکزمبرگ کے وزیرخارجہ جان اسلبورن سے ملاقات میں تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران ، یورپی یونین کے رکن ممالک کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام میدانوں میں تعلقات کے زیادہ سے زیادہ فروغ کا خیرمقدم کرتا ہے۔

صدر حسن روحانی نے منگل کو تہران میں لکزمبرگ کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں انشورنس، بینکینگ اور مالیاتی امور میں باہمی تعاون کے فروغ کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اقتصادی تعاون کی اصلی کلید بینکینگ اور انشورنس کے مسائل ہیں اور اس میدان میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون مشترکہ اقتصادی تعاون کو زیادہ سے زیادہ مضبوط بنانے کے لئے بہت اچھی بنیاد بن سکتا ہے-

صدر حسن روحانی نے جامع مشترکہ ایکشن پلان یا ایٹمی معاہدے کے بعد پیدا ہونے والے مواقع اور تیل ، گیس ، پیٹروکیمکل ، نقل و حمل ، معدنیات اور صنعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے مناسب زمین موجود ہونے کے بارے میں کہا کہ ایران، ایک طرف یورپ کو درکار انرجی کی ضرورت پورا کرسکتا ہے اور دوسری طرف یورپ کو بحرہند اور مشرقی ایشیاء کے علاقوں سے ملانے کے لئے اہم راہداری فراہم کر سکتا ہے-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شام، عراق ، یمن اور افغانستان سمیت علاقے کو بہت سے مسائل خاص طور سے دہشت گردی کا مسئلہ درپیش ہے اور ایران و یورپی یونین کو باہمی صلاح و مشورے سے ان مسائل کو کم اور پھر پوری طرح ختم کرنے کی کوشش کرنا چاہئے۔

صدر حسن روحانی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے کبھی بھی اس معاہدے کو نہیں توڑا ہے جس پر اس نے دستخط کئے ہیں اور جب تک فریق مقابل معاہدے کی پابندی کرتا رہے گا اس وقت تک تہران بھی ثابت قدم رہے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ جامع مشترکہ ایکشن پلان ایک ایسا معاہدہ ہے کہ جس پر جیت جیت کی بنیاد پر دستخط ہوئے ہیں اور اس وقت سب کو اس معاہدے کو برقرار رکھنے کی کوشش کرنا چاہئے۔

اس ملاقات میں لکزمبرگ کے وزیر خارجہ نے کہا کہ لکزمبرگ تہران کے ساتھ تمام میدانوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے اور اس دورے میں سرمایہ کاری کی حمایت کے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں جبکہ اہم مالیاتی اور سرمایہ کاری کے میدانوں میں معاہدے پر دستخط ، ایجنڈے میں شامل ہے۔

انہوں نے ایران اور لکزمبرگ کے سینٹرل بینکوں کے درمیان تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط ہونے کی خبر دیتے  ہوئے کہا کہ ایران علاقے کا ایک بڑا ملک ہے اور لکزمبرگ اور یورپی یونین علاقے کے مسائل کے حل میں تہران کے موثر اور اہم کردار پر یقین رکھتے ہیں۔