Feb ۲۲, ۲۰۱۷ ۱۹:۲۰ Asia/Tehran
  • مختلف ملکوں کے اسپیکروں کی صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور اسپیکر علی لاریجانی سے ملاقات

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گا اور اس حوالے سے تہران کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

تہران میں فلسطینی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الزعنون کے ساتھ ملاقات کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران مسلہ فلسطین کو عالم اسلام کا اولین مسئلہ سمجھتا ہے اور وہ فلسطینی عوام کی حمایت میں کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ تہران میں انتفاضہ فلسطین کی حمایت میں عالمی کانفرنس کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ فلسطینیوں کی حمایت کے حوالے سے ایران کا موقف ناقابل تغیر ہے اور اس میں تبدیلی نہیں آئے گی۔صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اردن کی پارلیمنٹ کے اسپیکر عاطف یوسف صالح الطراونہ کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ صیہونیوں کا غاصبانہ قبضہ اور امریکہ کی مداخلت ہی خطے کی مشکلات کی بنیادی وجوہات ہیں۔ڈاکٹر حسن روحانی نے لبنان کے اسپیکر نبی بری کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ خطے میں امن و امان کا قیام، ہمسایہ ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات اور موجودہ مشکلات کو مفاہمانہ طریقے سے حل کیا جانا، اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول ہے۔شام کی اسپیکر پارلیمنٹ ہدیہ خلف عباس سے بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے، شام میں قیام امن کو فلسطینی عوام اور خطے کے حق میں ضروری قرار دیا۔انہوں نے امید ظاہر کیا کہ تہران میں ہونے والی عالمی کانفرنس خطے کے مسائل کے حل کی جانب اہم قدم ثابت ہوگی۔ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے انتفاضہ فلسطین کانفرنس میں شرکت کرنے والے پارلیمانی سربراہوں اور اعلی سطح کے وفود کے ساتھ الگ الگ ملاقات اور گفتگو کی۔شام کی اسپیکر ہدیہ خلف عباس سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر علی لاریجانی نے کہا کہ شام، شروع ہی سے صیہونی حکومت کے خلاف مزاحمت اور فلسطینی کاز کا اگلا مورچہ رہا ہے۔اس موقع پر شام کی اسپیکر ہدیہ خلف عباس نے کہا کہ فلسطینیوں کے حقوق کی بالادستی تک، شام کی حکومت ان کی حمایت جاری رکھے گی۔الجزائر کے ڈپٹی اسپیکر زبیر دواریشہ، بوسنیا کے ڈپٹی اسپیکر صفت سوفتیچ اور پاکستانی پارلیمنٹ کے قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے سربراہ سردار اویس احمد خان لغاری نے بھی تہران میں ایران کے اسپیکر علی لاریجانی سے ملاقات اور گفتگو کی۔سردار اویس احمد خان لغاری سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر علی لاریجانی نے خطے کے مسائل کے حل میں تہران اور اسلام آباد کے درمیان تعاون کو ضروری قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تعاون کے رشتے بہت پرانے ہیں اور دونوں ممالک علاقائی معاملات میں موثر اور مثبت کردار ادا کرسکتے ہیں۔سردار اویس احمد خان لغاری نے اس موقع پر کہا کہ مسئلہ فلسطین کا بغور جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بعض ممالک کی جانب سے اسرائیل کے تعلقات معمول پر لانے کی کوششوں کی بھی مذمت کی۔

ٹیگس