Feb ۲۷, ۲۰۱۷ ۱۱:۵۰ Asia/Tehran
  • ایرانی فلم سیلزمین کو آسکرایوارڈ جیتنے پرمبارکباد

وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے ایرانی فلم سیلزمین کے ڈائریکٹر، اداکاروں اور یونٹ کے لوگوں کو آسکر ایوارڈ جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔

محمد جواد ظريف نے پير کے روز اپنے ٹوئٹر پيغام ميں کہا کہ ہمیں ايرانی فلم "فروشندہ" (سيلزمين) کی یونٹ کی جانب سے  آسکر ایوارڈ حاصل کرنے اور امريکا کی مسلم مخالف پابندی کے خلاف ٹھوس مؤقف اپنانے پر فخرہے۔ انھوں نے کہا کہ ايرانی قوم ہزاروں برس سے اپنی ثقافت اور تہذيب کی نمائندگی کرتی آرہی ہے۔ پہلے سے ہی آسکر ايوارڈ يافتہ مشہور ايراني فلم سازاصغر فرہادی کے ڈائریکشن میں بننے والی فلم "فروشندہ" (سيلزمين) نے امريکہ ميں منعقدہ نواسیويں اکیڈمی ایوارڈز ميں غيرملکی زبان کی بہترين فلم کا ايوارڈ اپنے نام کر ليا۔ ياد رہے کہ اصغر فرہادی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سات مسلم ممالک کے باشندوں کے امريکہ ميں داخلے پر پابندي کے ردعمل ميں امریکہ جانے سے انکار کر دیا تھا۔ انھوں نے آسکر ايوارڈ کی تقريب ميں اپنی نامزد فلم کو پيش کرنے کے لئے پہلی ایرانی خلا بازخاتون انوشه انصاری اور ناسا کے سابق ڈائریکٹر فیروز نادری کو اپنے نمائندوں کے طور پر منتخب کرليا تھا۔ 

 

ايرانی فلم فروشندہ (Salesman) ايک نوجوان جوڑے کی کہانی ہے جو تہران ميں ايک فليٹ ميں رہنے کے لیے آتے ہيں جس کے بعد ان کی زندگی ميں آنے والی تبديليوں کو ڈرامائی شکل ميں پيش کيا گيا ہے۔ اس سے قبل، اصغر فرہادی کی فلم جدائی نادر از سیمین (A Separation) کو 2012 ميں چوراسی ویں آسکر اکيڈمی ايوارڈ ميں بہترين غيرملکی زبان کی فلم کا انعام دیا گيا تھا۔

ٹیگس