Mar ۰۱, ۲۰۱۷ ۱۸:۳۶ Asia/Tehran
  • ایران پاکستان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر اور پاکستان کے وزیر اعظم نے دونوں برادر اور ہمسایہ ملکوں کے درمیان تعلقات کو زیادہ سے زیادہ مضبوط بنائے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ای سی او کے تیرہویں سربراہی اجلاس کے موقع پر بدھ کی شام اسلام آباد میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور وزیراعظم نواز شریف نے ایک دوسرے سے بالمشافہ ملاقات کی۔
اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ایران اورپاکستان کے درمیان تعلقات کے تمام شعبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور میاں نواز شریف نے، ایران اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے اقتصادی اور تجارتی معاہدوں پر عمل درآمد اور توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھائے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
صدر ایران اور وزیراعظم پاکستان نے، بعض علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور سنہ دو ہزار پچیس کے ای سی او کے ترقیاتی پیکج کی روشنی میں، خطے کے تمام ملکوں کے درمیان تعاون کو ضروری قرار دیا۔
ای سی او کے رکن ملکوں کے درمیان علاقائی کوریڈور اور مواصلاتی نظام کو مضبوط بنانے کا معاملہ بھی دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں زیر بحث رہا۔
قابل ذکر ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی، ای سی او کے تیرہویں سربراہی اجلاس میں شرکت کی غرض سے منگل کی شام اسلام آباد پہنچے تھے۔
صدر ایران نے بدھ کی صبح ای سی او کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن ملکوں کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ اور تنظیم میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
اقتصادی تعاون کی علاقائی تنظیم ای سی او کا تیرہواں سربراہی اجلاس بدھ کی شام ایک بیان جاری کرنے کے بعد ختم ہو گیا۔

ٹیگس