Dec ۲۰, ۲۰۲۵ ۱۲:۵۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان: منرےگا کی جگہ نئی اسکیم کا حکومتی فیصلہ تاریخی غلطی، عالمی سطح کے ماہرینِ معیشت کا کھلا خط

ہندوستان میں منرےگا کو ختم کرکے اس کی جگہ "جی رام جی" کے نام سے نئی اسکیم متعارف کرانے کے مرکزی حکومت کے فیصلے پر عالمی سطح کے نامور ماہرینِ معیشت نے کُھلا خط لکھ کر فیصلے کو تاریخی غلطی قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (منرےگا) کو ختم کرکے اس کی جگہ "وکست بھارت جی رام جی" (جی رام جی) کے نام سے نئی اسکیم متعارف کرانے کے مرکزی حکومت کے فیصلے پر عالمی سطح کے نامور ماہرینِ معیشت، پالیسی سازوں،  وکلا اور سول سوسائٹی سے وابستہ شخصیات نے ایک کُھلا خط لکھا ہے جس میں انہوں نے حکومت کے فیصلے کو تاریخی غلطی قرار دیا ہے۔  

اِن شخصیات نے مذکورہ فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے منریگا قانون کی بھرپور حمایت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسی اسکیم کو ختم نہ کیا جائے جو روزگار کو ایک قانونی حق کے طور پر نافذ کرتی ہو۔

اِن ماہرین معیشت نے تشویش ظاہر کی کہ منریگا روزگار کے قانونی حق، دیہی معیشت اور سماجی انصاف کے لئے ناگزیر ہے، اسے ختم کرنا سرکار کی تاریخی غلطی ہوگی۔

اِن اہم شخصیات نے کھلے خط میں لکھا ہے کہ منریگا کو ملک کی پارلیمنٹ نے مکمل اتفاقِ رائے سے منظور کیا تھا اور یہ قانون سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر تمام جماعتوں کی مشترکہ تائید کا حامل رہا ہے۔ خط کے مطابق منریگا کا بنیادی فلسفہ یہ تھا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کو روزگار کی ضمانت فراہم کرے کیونکہ روزگار معاشی وقار سے جڑا ہوا ایک بنیادی حق ہے۔

ماہرین نے کہا کہ منریگا کے عملی نتائج اس اصول کی کامیابی کا واضح ثبوت رہے ہیں، اس لئے اسے بند کردینا اس کامیابی سے انکار کرنے کے مترادف ہے۔ حکومت کو اسے بند کرنے پر دوبارہ غور کرنا چاہئے۔

ہمیں فالو کریں: 

Followus: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

خط میں بتایا گیا ہے کہ منریگا کے تحت ہر سال تقریباً 5 کروڑ خاندانوں کو  روزگار فراہم کیا جاتا رہا ہے جس نے دیہی معیشت میں نمایاں تبدیلی پیدا کی۔ اس اسکیم میں شامل مزدوروں میں نصف سے زیادہ تعداد خواتین کی رہی ہے جبکہ تقریباً 40 فی صد مستفید افراد کا تعلق درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل سے ہے۔

کھلے خط میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی برسوں میں منریگا کی وجہ سے دیہی علاقوں میں اجرت میں قابلِ ذکر اضافہ ہوا اور مختلف تحقیقی مطالعات میں اس اسکیم کے معاشی پیداوار اور کارکردگی پر مثبت اثرات کی تصدیق کی گئی۔

 

ٹیگس