مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا اہم ترین مسئلہ ہے، خبرگان کونسل
مجتہدین کی کونسل مجلس خبرگان نے مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام کا اولین مسئلہ اور تکفیری دہشت گردی کو امریکہ اور صیہونی حکومت کی سازشوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
مجتہدین کی کونسل مجلس خبرگان کے پانچویں رسمی اجلاس کے بعد جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ مسئلہ فلسطین آج بھی عالم اسلام کے مسائل میں سر فہرست ہے۔
بیان میں فلسطینی عوام کی بے مثال استقامت کی قدر دانی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فلسطینی عوام کی داستان الم نے ساری دنیا کے مسلمانوں اور آزاد منش انسانوں کو متاثر کیا ہے۔
مجتہدین کی کونسل کے اجلاس کے اختتامی بیان میں امریکہ اور صیہونی حکومت کو یمن، شام، عراق اور بحرین سمیت خطے کے ملکوں میں تکفیری سوچ کی ترویج اور دہشت گرد گروہوں کے وحشیانہ اقدامات اور ان کی تقویت کا اصل ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
بیان میں دنیا کے بیدار ضمیر انسانوں، اسلامی ملکوں اور مسلمان قوموں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تکفیری دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات انجام دیں۔
مجتہدین کی کونسل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مذہبی اور انقلابی عقائد میں رخنہ اندازی، ایران کے خلاف امریکی اسٹریٹیجی کا حصہ ہے لہذا ملک کے فیصلہ ساز اداروں اور خاص طور سے اعلی حکام کو پوری ہوشیاری اور استقامت کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔