حج کے موقع پر مشرکین سے برائت کا اجتماع بھی ہو گا، قاضی عسکر کا اعلان
حج کے امور میں ولی فقیہ کے نمائندے اور ایرانی حجاج کے سرپرست قاضی عسکر نے کہا ہے کہ رواں سال حج کے موقع پر مختلف مقامات پر مشرکین سے برائت اور دعائے کمیل کے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔
ہفتے کے روز تہران میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے حجت الاسلام قاضی عسکر کا کہنا تھا کہ مذکورہ معاملات پر سعودی حکام کے ساتھ اتفاق رائے ہوگیا ہے اور ایرانی حجاج اپنے مخصوص اجتماعات میں مشرکین سے برائت کی رسم ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس سال چھیاسی ہزار ایرانی شہری حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ طے شدہ معاہدے کے مطابق، سعودی حکام نے ایرانی حجاج کرام کی عزت و وقار اور سیکورٹی کی ضمانت فراہم کی ہے۔اسمارٹ برسلیٹ، پہنائے جانے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں قاضی عسکر کا کہنا تھاکہ اس قسم کے کڑے، صرف مخصوص بیماروں کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں تاکہ ان کی صحت کے حوالے سے فوری معلومات حاصل ہو سکیں۔ اس سے قبل ایران کے محکمہ حج و زیارت نے اعلان کیا ہے کہ اس سال ایرانی عازمین حج کے، مکہ جانے کے لیے حالات فراہم ہوگئے ہیں۔سعودی حکام نے سن دو ہزار سولہ میں بے بنیاد وجوہات کے تحت ایران اور شام سمیت بعض اسلامی ملکوں کے شہریوں کی حج کی ادائیگی پر پابندی عائد کردی تھی۔یہ پابندی ایسے وقت میں لگائی تھی جب سن دو ہزار پندرہ کے حج کے دوران، سعودی حکام کی بد انتظامی اور نااہلی کے نتیجے میں چار سو چونسٹھ ایرانیوں سیمت ہزاروں حجاج کرام شہید ہوگئے تھے۔