امریکہ و صیہونی حکومت دنیا میں عدم استحکام کا باعث ہیں، بہرام قاسمی
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت علاقے اور پوری دنیا میں بدامنی و عدم استحکام کا باعث ہیں۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے لئے امریکہ کی بے دریغ حمایت کے نتیجے میں اس غاصب حکومت نے سینکڑوں کی تعداد میں ایٹمی ہتھیار اور وارہیڈز تیار کئے ہیں جس سے اس بات کا بخوبی اندازہ ہو جاتا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے لئے امریکی حمایت علاقے اور دنیا میں بدامنی اور عدم استحکام کا باعث بنی ہے۔
بہرام قاسمی نے منگل کے روز ایپک کی تعلقات کمیٹی میں امریکی نائب صدر مائیک پینس کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا ایٹمی پروگرام مکمل طور سے پرامن اور شفاف رہا ہے اور ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی نے اپنی رپورٹوں میں بارہا ایران کی ایٹمی سرگرمیوں کے پرامن ہونے کی تصدیق کی ہے۔
امریکی نائب صدر نے ایپک کے سالانہ اجلاس میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ صدر ڈونلد ٹرمپ اسرائیل کی سلامتی کے تحفظ کے اپنے وعدے پر قائم ہیں، کہا ہے کہ امریکہ، علاقے میں عدم استحکام اور اسرائیل کی سلامتی کے لئے خطرہ پیدا کرنے میں ایران کے اقدامات کو برداشت نہیں کرے گا۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایران کے میزائل پروگرام کے بارے میں بھی کہا کہ جیساکہ تہران نے بارہا اعلان کیا ہے کہ ایران کی دفاعی قانونی سرگرمیاں ایک منظم پروگرام کے مطابق آگے بڑھ رہی ہیں اور ایران مقامی سطح پر دفاعی بنیادوں کو مستحکم کر رہا ہے اس لئے اسے نہ تو کسی سے کوئی صلاح لینے کی ضرورت ہے اور نہ ہی وہ کسی ملک کو اپنے اندرونی امور میں مداخلت کرنے کی اجازت دے گا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ بات قابل افسوس ہے کہ علاقے کے عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات پر امریکی حمایت اور اسی طرح یمن کے مظلوم اور نہتھے عوام کے خلاف امریکی شرکا کے مسلسل جرائم سے مشرق وسطی میں بدامنی کا دائرہ وسیع ہوا ہے اور جب تک اس طرح کی پالیسیاں جاری ہیں، علاقے اور دنیا میں امن و امان کا مشاہدہ نہیں کیا جا سکے گا۔