بیرونی سرمایہ کاری کے لیے ماحول پوری طرح سازگار ہے، اسپیکر علی لاریجانی
اسپیکر علی لاریجانی نے کہا کہ ایران میں بیرونی سرمایہ کاری کےلیے ماحول پوری طرح سازگار ہے۔
بدھ کے روز تہران میں سنگاپور کے مشیر خارجہ و دفاع مالکی عثمان سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ خطے میں دہشت گردی اور بدامنی کے باجود ایران میں پائیدار امن پایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران میں پائے جانے والے امن و استحکام نے بیرونی سرمایہ کاری کے ماحول کو سازگار بنا دیا ہے اور سنگاپور بھی اس موقع سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
سنگاپور کے مشیر خارجہ و دفاع مالکی عثمان نے اس موقع پر کہا کہ ان کے ملک کی تاجر برادری اور اقتصادی کمپنیاں ایران میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔
انہوں نے ایران کو خطے کا ایک اہم ملک قرار دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان بینکاری لین دین میں آسانیاں پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ سنگارپور ایران کے ساتھ بینکاری اور اقتصادی لین دین میں آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔